پشاور ( نیا محاذ ) پشاور میں امریکی قونصل خانہ کے زیراہتمام خواتین کیلئے دو روزہ سیلف ڈیفنس ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔
امریکی قونصلیٹ جنرل پشاور نے نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف آگاہی بڑھانے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کے تعاون سے40 طالبات کے لئے دو روزہ سیلف ڈیفنس ٹریننگ کا اہتمام کیا ہے۔
تربیت قونصلیٹ کی 16 دن کی صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف مہم کا حصہ تھی جس کے اہتمام میں شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کی 40 طالبات نے حصہ لیا۔
پبلک افیئرز آفیسر راب ٹیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود کا دفاع ہر ایک کے لئے ضروری ہے، چاہے وہ کسی بھی جنس یا مقام سے تعلق رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ تربیت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کو اجاگر کرتی ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
یہ عملی تربیت قونصل خانے کے ریجنل سکیورٹی آفیسر، روری کینیڈی اور کے پی پولیس ڈیپارٹمنٹ کی خواتین افسران نے مشترکہ طور پر دی، اس پروگرام کا مقصد شرکا کو اپنے دفاع کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا تاکہ وہ اپنے ساتھیوں اور اپنے ارد گرد دیگر نوجوان خواتین کو تربیت دے سکیں۔
0