0

اسلام آباد اور کراچی میں بلوچستان ہاؤسز کے اخراجات اور آمدن کے حوالے سے چشم کشا تفصیلات سامنے آ گئیں

کوئٹہ(نیا محاذ) اسلام آباد اور کراچی میں بنائے گئے بلوچستان ہاؤسز کے اخراجات اور آمدن کے حوالے سے چشم کشا تفصیلات سامنے آ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی جانب سے اسلام آباد اور کراچی میں بنائے گئے بلوچستان ہاؤسز کے نقصان میں چلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ بلوچستان ہاؤس اسلام آباد اور کراچی وزرا ء،سرکاری آفیسران ،ریٹائرڈ ملازمین کے دونوں شہروں میں آمد کے مواقع پر چند روز رہائش اختیار کیے جانے کیلئے بنائے گئے ہیں بلوچستان ہاؤس اسلام آباد کے 1 کمرے کا کرایہ دوسرے صوبوں کی نسبت دوگنا زیادہ ہے ۔”این این آئی” کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں قائم بلوچستان ہاؤس میں 66کمرے جبکہ بلوچستان ہاؤس کراچی میں 4 کمرے ہیں بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں 135ملازمین تعینات ہیں جن میں 58کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے .

محکمہ نظم نسق کی دستاویزات کے مطابق گذشتہ مالی سال میں بلوچستان ہاؤس اسلام آباد کے اخراجات8 کروڑ ،33لاکھ اور 58ہزار رہے جبکہ آمدنی5 کروڑ 84لاکھ 69ہزار رہی اسی طرح بلوچستان ہاؤس کراچی کے اخراجات 60لاکھ 60ہزار جبکہ آمدنی صرف 21لاکھ 75ہزار روپے رہی۔ بلوچستان ہاؤس اسلام آباد کے1 کمرے کا کرایہ 4000سے زائد ہے جبکہ پنجاب ہاؤس، کے پی کے ہاؤس اور سندھ ہاؤس کے 1 کمرے کا کرایہ 2 ہزار سے زائد نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں