نئی دہلی(نیا محاذ)دیواجیت سائیکیا کو بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا نیا سیکرٹری مقرر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیواجیت سائیکیا کو سابق سیکریٹری جے شاہ کے عہدہ خالی کرنے پر ترقی دی گئی ہے، وہ اس سے پہلے جوائنٹ سیکرٹری کی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی نے تصدیق کی ہے کہ دیواجیت سائیکیا کو سیکرٹری نامزد کردیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق سیکرٹری جے شاہ کے یکم دسمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا تھا جس کے بعد عہدہ خالی ہوا تھا۔راجر بنی نے نومنتخب سیکرٹری کو خوش آمدید کہا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دیواجیت سائیکیا کون ہیں؟
دیواجیت سائیکیا پیشے کے لحاظ سے وکیل اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور ایڈمنسٹریٹر ہیں، انہوں نے 4 فرسٹ کلاس میچوں میں آسام کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 54 رنز بنائے۔حال ہی میں، ایڈوکیٹ جنرل دیواجیت سائیکیا کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ ڈائریکٹر کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے دبئی میں آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں اپنے نئے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے سائیکیا نے آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین جے شاہ سمیت اہم شخصیات سے ملنے والے تعاون کیلئے اظہار تشکر بھی کیا۔