0

الیکشن کمیشن کو کے پی سینیٹ الیکشن کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت

پشاور(نیا محاذ)پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو خیبر پختون خوا میں سینیٹ الیکشن کرانے سے متعلق درخواست پر جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت دے دی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے لئے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سینیٹ الیکشن منعقد کیا جائے، صوبے کی 11 سیٹیں خالی ہیں اور نمائندگی نہیں ہے۔

چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اجلاس کب ہے، وہ فیصلہ کرے کہ کب الیکشن کرانا ہے۔سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں وقت دیا جائے، الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے اجلاس ہونا ہے، ہم جواب جمع کرائیں گے۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ سینیٹ میں ہمارے صوبے کی نمائندگی نہیں ہے۔

سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ آدھی نمائندگی ہے، آدھی سیٹیں خالی ہیں۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے حکم دیا کہ آخری موقع دیتے ہیں، آئندہ سماعت پر بتائیں الیکشن کمیشن اجلاس میں کیا فیصلہ ہوا، 24 دسمبر کو جواب جمع کرائیں، معاملے کو مزید ملتوی نہیں کریں گے۔عدالت نے سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں