ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ زینت امان نے اپنے شوہر مظہر خان کے ساتھ اپنی شادی کے مشکل لمحات کے بارے میں اہم انکشافات کر دیئے ہیں۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق زینت امان نے بتایا کہ شادی کے پہلے سال ہی انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ فیصلہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا غلط قدم تھا۔ 1985 میں شادی کے بعد انہیں شوہر کی بے وفائی کا علم ہوا، مگر اپنے دو بچوں کی خاطر انہوں نے 12 سال اس رشتے کو نبھایا۔
ایک پرانے انٹرویو میں زینت نے بتایا کہ جب ان کا پہلا بیٹا پیدا ہوا تو وہ شادی ختم کرنے کا سوچ رہی تھیں، مگر انہوں نے اپنے بچے کو موقع دینے کے لیے اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے مظہر خان کی بیماری میں ان کی دیکھ بھال کو اپنی ذاتی ذمہ داری بنا لیا اور شوہر کی بیماری کے دوران انہیں انجکشن دینا، ڈریسنگ کرنا اور بیگ تبدیل کرنا بھی آ گیا۔زینت امان نے مزید کہا کہ اس تمام عرصے میں انہیں کبھی اپنے لئے ہمدردی یا محبت نہیں ملی۔ شوہر کی صحت بحال ہونے کے بعد مظہر خان دواؤں کے عادی ہوگئے، جس سے ان کی گردوں کو نقصان پہنچا۔
زینت نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کی خاطر یہ رشتہ نبھانے کی پوری کوشش کی، مگر آخرکار اپنی ذہنی سکون کی خاطر انہوں نے اس رشتے کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔