0

توشہ خانہ ٹو کیس؛ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر اعتراضات دور، پیر کو دوبارہ مقرر کرنے کا حکم

اسلام آباد(نیا محاذ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر اعتراضات دور کر دیئے اور رجسٹرار آفس کو درخواست پیر کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ آپکی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، وکیل درخواستگزار نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو اسی کیس میں ضمانت دی گئی، بانی پی ٹی آئی پر بھی وہی الزام ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ وہ تو عورت تھی یہ مرد ہے، رُول آف Consistency کیسے ہو سکتا ہے؟ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے کہ یہ معاملہ ستمبر کا ہے لیکن وکالت نامہ تو جولائی کا ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کورٹ میں موجود شاہ خاور ایڈووکیٹ کو روسٹرم پر بلا لیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ شاہ خاور صاحب اِس معاملے پر آپ معاونت کر دیں،شاہ خاور نے کہاکہ یہ عمومی پریکٹس ہے کہ درخواست گزار جیل میں ہو تو ایک سے زائد وکالت نامے دستخط کروا لیے جاتے ہیں۔عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر تے ہوئے درخواست کو پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل نے آج ہی فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ قانون پر عمل ہو گا قانون پر، عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس پیر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں