0

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں،کشمیر میں آج مکمل ہڑتال

اسلام آباد(نیا محاذ )کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں تاکہ دنیا کو اپنی سرزمین پر بھارت کے ناجائز قبضے کو مسترد کرنے کا پیغام دیا جا سکے۔
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے۔ پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔
آزاد کشمیر میں 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کے حملے اور بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی مذمت کے لئے تمام اضلاع اور تحصیل ہیڈ کوارٹر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔
ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر لبریشن کمیشن نے ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا ہے جس کے بعد ایک ریلی نکالی جائے گی۔
اسی طرح پاسبان حریت جموں و کشمیر، کشمیری مہاجرین، دیگر حریت تنظیموں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم سیاہ منانے کے لئے بھارت مخالف ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا ہے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور وزیر اعظم چودھری انوار الحق نے دنیا بھر کے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوجیوں نے تقسیم کے منصوبے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر حملہ کیا اور کشمیریوں کی مرضی کے خلاف خطے پر قبضہ کر لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں