کراچی(نیا محاذ)پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے آج کل کے لڑکے لڑکیوں کو بیرون ملک شادی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔اداکارہ مدیحہ امام مئی 2023 میں بھارت سے تعلق رکھنے والے موجی بسر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھی تھیں، اداکارہ کے شوہر کا تعلق بھارتی ریاست اروناچل پردیش سے ہے۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق حال ہی میں اداکارہ مدیحہ امام فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جس دوران انھوں نے انڈسٹری سمیت اپنی شادی اور نجی زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی۔دوران پوڈکاسٹ میزبان فیصل قریشی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مدیحہ امام نے کہا کہ ’میرا نصیب تھا اس لیے میری شادی ہوگئی لیکن اب میں مزہ چکھنے کے بعد اپنے دوستوں کو مشورہ دیتی ہوں کہ بیرون ملک شادی نہیں کرنی چاہیے‘۔ اداکارہ مدیحہ نے کہا کہ ’بیرون ملک مقیم کسی شخص سے شادی کرنا آسان نہیں ہے کیونکہ جو لڑائیاں دو لوگ ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر دو تین جملوں میں ختم کر سکتے ہیں وہی لڑائیاں اگر موبائل فون پر ہوں تو ایک سے دو ہفتے بڑھ جاتی ہیں جو کہ بہت مشکل ہے‘۔انھوں نے کہا کہ’اگرچہ یہ کہتے ہیں اگر دو لوگوں کے درمیان فاصلہ ہو تو چاہت زیادہ بڑھ جاتی ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ ایسی چاہت معنی نہیں رکھتی کیونکہ اس چاہت سے کہیں زیادہ دونوں کے درمیان لڑائیاں ہو جاتی ہیں‘۔مدیحہ امام نے مزید کہا کہ لیکن پھر ہم نے فیصلہ کیاکہ ہم اپنا تعلق ایسا رکھیں کہ لڑائیاں نہ ہوں تاکہ دور رہتے ہوئے وہ بھی اپنا کام کرسکیں اور میں بھی۔یاد رہے کہ اداکارہ کو شادی کے بعد شوہر موجی بسر کے مذہب اور ملک کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا صارفین کی کڑی تنقید کا سامنا رہا ہے۔
0