0

26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری جمہوریت کی فتح ہے: محسن نقوی

اسلام آباد،دبئی (نیا محاذ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری جمہوریت کی فتح ہے۔
محسن نقوی نے 26 ویں آئینی ترمیم بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے اور اس پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔
انہوں نے آئینی ترمیم کی حمایت پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مثبت و تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، بلاول بھٹو زرداری اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب قائدین نے 26 ویں آئینی ترمیم بل کیلئے مشترکہ طور پر انتھک محنت کی اور یہ کاوشیں ثمر آور ثابت ہوئیں، یہ آئینی ترمیم جمہوریت کی فتح ہے، مضبوط جمہوریت اور روشن جمہوری مستقبل کے تابناک سفر کی پائیدار بنیاد رکھی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج جیت پاکستان اور عوام کی ہوئی ہے، تمام جمہوری جماعتوں کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آئینی ترمیم بل کی منظوری پارلیمنٹ کا حق ہے، آئینی ترمیم کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے سب نے مل کر جو کام کیا اس کا خوبصورت نتیجہ سامنے آیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کے مابین اختیارات کے توازن کے لئے یہ ترمیم کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں