0

چین کے وزیراعظم ایس سی او کانفرنس کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے،ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال،توپوں کی سلامی دی گئی

اسلام آباد(نیا محاذ)چین کے وزیراعظم لی چیانگ ایس سی او کانفرنس کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا،چینی وزیراعظم کا نور خان ایئر بیس پر ریڈکارپٹ استقبال کیااور 21توپوں کی سلامی دی گئی،ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے چینی وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیرداخلہ محسن نقوی،وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی معزز مہمان کا استقبال کیا۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، اس حوالے سے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔11سال بعد چین کے وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،وہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوگی۔چینی وزیراعظم صدر پاکستان آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت، چین، روس، ایران، تاجکستان اور کرغزستان کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے جبکہ میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں