لندن(نیا محاذ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ ناقابل معافی ہے، 9 مئی کے واقعہ میں ملوث افراد کو معافی اس وقت ملے گی جب دل سے معافی مانگیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے لندن میں صحافیوں سے ملاقات کی،شہباز شریف نے دورہ امریکا کے حوالے سے آگاہ کیا ،وزیراعظم کاکہناتھا کہ جنرل اسمبلی میں خطاب کرکے پاکستانی عوام کی آواز دنیا تک پہنچائی،اقتدار میں آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کی منظوری میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین نے بھرپور مدد کی،عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان میں ٹیکس کا نیٹ ورک بڑھانا ہوگا۔ اشرافیہ کو بھی قربانی دینا ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری میں جنرل عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا،سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، 2018 میں چارٹر آف ڈیمو کریسی پر سائن کرنے کی پیشکش کی تھی ۔وزیراعظم کاکہناتھا کہ 9 مئی کا واقعہ ناقابل معافی ہے، 9 مئی کے واقعہ میں ملوث افراد کو معافی اس وقت ملے گی جب دل سے معافی مانگیں گے۔
شہبازشریف نے کہاکہ برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، چین کے ساتھ تعلقات خراب کرنے میں گزشتہ حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی،پی آئی اے بند کرانے میں بھی گزشتہ حکومت ملوث ہے، نقصان میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری یا آوٹ سورس کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے پاکستانیوں کی میت لیجانے کے حوالے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کو پالیسی بنانے کی ہدایت کی،ان کاکہناتھا کہ سوشل میڈیا پر فوج اور شہدا کو گالیاں دینے والوں کے ہوتے ہمیں دشمن کی ضرورت نہیں۔