0

راولپنڈی؛ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

راولپنڈی(نیا محاذ)راولپنڈی میں دفعہ 144 کے تحت پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر تھانہ آر اے بازار میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق مقدمہ پولیس مدعیت میں 16 ایم پی او، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعہ 188، روڈ بلاک کرنے و پنجاب حکومت کے خلاف نعرہ بازی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مدعی مقدمہ کے مطابق امن وامان کی ڈیوٹی کے لیے فورس کے ساتھ کلمہ چوک موجود تھے جہاں پی ٹی آئی کے رہنما خالد جدون، مسلم شہزاد ،خطیب الرحمان اور راجہ بابر کی سربراہی میں 15 کارکنان ریلی کی شکل میں دھمیال روڈ پر آگئے۔ ریلی کے شرکاء نے روڈ بلاک کر کے حکومت پنجاب کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی جس پر پولیس ٹیم نے ان میں سے راجہ بابر حسین کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر گلیوں میں فرار ہوگئے۔ملزمان نے پابندی کے باوجود ریلی نکال کر روڈ بلاک کرکے حکومت پنجاب کے خلاف نعرہ بازی اور احتجاجی مظاہرہ کرکے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں