0

حسن نصراللہ کی موت پر اسرائیلی وزیراعظم کا بیان بھی آگیا

تل ابیب (نیا محاذ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی موت کو تاریخی موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسن نصراللہ کا قتل خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کے لیے ضروری تھا، حسن نصراللہ اور ان کے ساتھی اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نیویارک کا دورہ مکمل کرکے واپس اسرائیل پہنچے ہیں، جہاں سے انہوں نے حسن نصر اللّٰہ پر حملے اور ان کی ہلاکت پر بیان دیا۔قوم سے اپنے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ رواں ہفتے اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ حزب اللّٰہ پر موجودہ حملے کافی نہیں کیونکہ نصراللّٰہ نہ صرف ایران کے اشارے پر کام کرتے ہیں بلکہ ایران کو آپریٹ کرتے ہیں۔انہوں نے حسن نصراللّٰہ کی موت کو تاریخی موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسن نصراللہ کا قتل خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کے لیے ضروری تھا، بے شمار اسرائیلیوں کو قتل کرنے والے سے حساب لے لیا، حسن نصراللہ ایران کی برائی کا محور اور مرکزی انجن تھے، اسرائیل نے سینکڑوں امریکیوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کی ہلاکت کا بدلہ لے لیا۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حسن نصراللّٰہ اور ان کے ساتھی اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتے تھے، جو آپ کو مارنے کے لیے کھڑا ہو، پہل کرکے اسے مار ڈالو۔نتین یاہو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے، پورے مشرق وسطیٰ نے اسرائیل کی طاقت تسلیم کرلی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں