نئی دہلی (نیا محاذ) بھارتی دارالحکومت میں باپ اور چار بیٹیوں نے مالی حالات سے تنگ ہو کر اجتماعی طور پر خودکشی کر لی جبکہ پولیس نے تین روز بعد گھر سے تعفن زدہ لاشیں برآمد کیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دل دہلا دینے والا واقعہ رنگ پوری علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ باپ نے چار بیٹیوں کے ہمراہ زہریلی چیز کھا کر خودکشی کی۔خودکشی کا واقعہ آج سے تین روز قبل پیش آیا۔ پڑوسیوں نے گھر مسلسل بند رہنے اور تعفن اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی اور گھر کا دروازنہ کھول کر اندر داخل ہوئی تو گلتی سڑتی لاشوں کی بدبو کے باعث سانس لینے میں دشواری رہی۔پڑوسیوں نے جب یہ منظر دیکھا تو ان کے رونگٹے کھڑے ہوگئے اور ان پر ہیبت طاری ہوگئی۔دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ لڑکیوں کا باپ معمولی سی نوکری کرتا تھا اور مالی حالات سے تنگ تھا جبکہ لڑکیاں پیدائشی طور پر معذور تھیں۔پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے کوئی تحریری نوٹ نہیں ملا، فرانزک ٹیم جگہ کا معائنہ کر رہی ہے جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہو سکے گا کہ باپ اور بیٹیوں نے خودکشی کیلیے کون سی زہریلی چیز کا استعمال کیا۔
0