کراچی (نیا محاذ)عالمی مارکیٹ میں بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے سونے کی درآمدات میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق سونے کی درآمدات میں سالانہ 41.64 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اگست میں پاکستانی امپورٹرز نے صرف 22 کلو سونا درآمد کیا جس کا درآمدی بل 17 لاکھ 42 ہزار ڈالر رہا۔
گزشتہ مالی سال اگست میں 47 کلو سونا درآمد کیا گیا تھا، جس کا درآمدی بل 29 لاکھ 85 ہزار ڈالر تھا، جولائی کی نسبت اگست میں سونا 10 کلو کم درآمد کیا گیا۔جولائی میں 32 کلو سونے کا درآمدی بل 21 لاکھ 96 ہزار ڈالر سے زائد تھا، رواں مالی سال پہلے 2 ماہ میں سونے کی درآمدات میں 20.78 فی صد کمی آئی ہے، جولائی اور اگست کے دوران 54 کلو سونا درآمد کیا گیا۔اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال 2 ماہ میں سونے کا درآمدی بل 39 لاکھ 38 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 77 کلو سونا درآمد کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران عالمی مارکیٹ کے زیر اثر پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 20 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔