0

آئی پی پیز سے مذاکرات سے صارفین کوکتنے سو ارب روپے تک کا ریلیف مل سکتا ہے؟وفاقی وزیر نے اہم انکشاف کر دیا

کراچی (نیا محاذ)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے معاملات پر جلد ملک خوشخبری سنے گا،آئی پی پیز سے مذاکرات سے صارفین کو600 ارب تک کا ریلیف مل سکتا ہے۔مستقل بنیادوں پر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش جاری ہے۔آج کل کے حالات آئی پی پیز ، عوام اور ملک کے لیے اچھے نہیں۔ آئی پی پیز سے متعلق بھی تفصیل سے کام پایۂ تکمیل پر پہنچ چکا۔آئی پی پیز سے بات چیت سے سالانہ250تا 300ارب کی بچت ہوگی۔امید ہے آئی پی پیز ہماری گزارشات پر غور کریں گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی شرکت کی ۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مختلف آپشنز پر بات ہوتی ہے، ابھی کوئی چیز حتمی نہیں۔ اس وقت ہمارا فوکس آئی ایم ایف پروگرام ہے اس پر مکمل ڈسپلن کے ساتھ چل رہے ہیں۔کسی بھی صوبے کے ساتھ ابھی کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے وزارت تین، چار ماہ سے آپشنز پر غور کررہی ہے۔ہم بجلی کی قیمتیں نیچے لانے کے مختلف منصوبوں پر غور کررہے ہیں۔ احتیاط سے آگے چلیں گے تاکہ بین الاقوامی وعدے پورے ہوسکیں۔ آئی پی پیز کے معاملات پر جلد ملک خوشخبری سنے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی کابینہ نے2019ء کی محمد علی رپورٹ کے بعد آئی پی پیز کو ریلیف دیا تھا۔ پی ٹی آئی نے بہت بڑا موقع شاید جان بوجھ کر ضائع کیا۔ آئی پی پیز سے مذاکرات سے صارفین کو600ارب تک کا ریلیف مل سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں