نئی دہلی (نیا محاذ)بھارت کے مشہور کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بنگال ٹائیگرز سے ہارنے کی توقع نہیں تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف شکست کو شرمناک قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ یہ اتنا سخت ہوگا، جیسے بنگلہ دیش نے کھیلا۔ہرشا بھوگلے کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ کچھ عرصہ پہلے کہا گیا تھا کہ کھیل جتنا چھوٹا ہوگا، پاکستان اتنا ہی خطرناک ہوگا اور کھیل جتنا لمبا ہوگا، وہ اتنا ہی زیادہ کمزور ہوگا۔بعد ازاں ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے صارفین سے سوال کیا کہ کونسی سیریز میں توقعات کے برعکس کمزور ٹیم نے جیت حاصل کی۔ 2019 میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف یا پھر بنگلہ دیش نے 2024 میں پاکستان کے خلاف؟خیال رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اختتام پذیر ہوا۔ بنگلہ دیش نے پہلے میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد دوسرے میچ میں بھی باآسانی 6 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔اس طرح بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو نہ صرف ٹیسٹ میچ ہرایا بلکہ پہلی مرتبہ کلین سوئپ کرتے ہوئے سیریز بھی اپنے نام کی۔
0