موغادیشو(نیا محاز )صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ساحل پر ہونے والے حملے میں 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صومالی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت موغادیشو کے ساحل پر الشباب نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 32 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق الشباب اور القاعدہ سے منسلک عسکری گروپ نے اپنے ریڈیو سٹیشن کے ذریعے مشہور لائیڈو بیچ پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔صومالی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جوابی کارروائی میں 5 حملہ آوروں کو مار ڈالا جبکہ اس دوران 6 حملہ آوروں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ساحل سمندر پر موجود مقامی افراد ہلاک ہوئے۔پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں اب تک 32 عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔