0

شمشیر علی اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن میں ممبر بورڈ آف گورنرز مقرر

اسلام آباد( نیا محاز ) شمشیر علی اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن (او پی ایف) میں ممبر بورڈ آف گورنرز (بی او جی) مقررکردیئے گئے جن کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے دبئی سے تعلق رکھنے والے بزنس ٹائیکون شمشیر علی کو OPF کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر کی تعیناتی کابینہ کے فیصلے نمبر 343/قاعدہ 19/2024/608 کے ذریعے کیا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شمشیر علی بنیادی طور پر متحدہ عرب امارات اور ہمسایہ جی سی سی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار اور ان کے لئے کام کریں گے تاکہ غیر مقیم پاکستانیوں کے لئے پالیسی سازی میں مدد مل سکے۔
کابینہ کے اجلاس کی صدارت اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا نے کی جس میں ڈائریکٹر شاہین خالد بٹ، ڈائریکٹر افضال بھٹی، ڈائریکٹر شمشیر علی، ڈائریکٹر اونازہ احسان بٹ، سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ، منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے شرکت کی۔
شمشیر علی نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک پاکستانیوں کی خدمت کرنے کی اعلیٰ ذمہ داری عائد کی گئی ہے جو احسن طریقے سے نبھاﺅں گا، اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔
شمشیر علی نے سٹی بینک میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور رئیل اسٹیٹ اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے منصوبوں میں تیزی سے قدم رکھا۔اس کے علاوہ پسماندہ افراد کو یکساں مواقع فراہم کرنے پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور متحدہ عرب امارات اور جنوبی ایشیا میں رفاہی سرگرمیوں میں شامل رہے ہیں، مختلف تنظیموں اور سکولوں کے بچوں کی تعلیم میں سہولت فراہم کرکے ان کی مدد کرتے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں