کراچی(نیا محاز )مچھرکالونی میں لالچی پڑوسی نے دو کمسن سگے بھائیوں کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بچوں کا پڑوسی ہے اور رشتے میں ان کا ماموں لگتا ہے جبکہ ملزم عطائی ڈاکٹر بھی ہے جس نے تاوان کے لئے 8 اور 10 سال کے دو بھائیوں کو قتل کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول بچوں کے والد سراج نے بتایا کہ 4 کروڑ روپے تاوان کے لئے پڑوسی نے بچوں کو قتل کیا، پڑوس میں عبدالکریم نامی کلینک ہے، بچے گزشتہ روز صبح سے پڑوسی عبدالکریم کے پاس تھے۔بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ بچوں کی بہن دوپہر میں بھائیوں کو لینے گئی تو عبدالکریم نے کہا کہ بچے تو چلے گئے لیکن رات 11 بجے ہم عبد الکریم کو لے کر تھانے گئے جس پر ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی لاشیں کلینک میں ہیں، اس نے بچوں کو بے ہوشی کی دوائی دی اور ہاتھ پیر باندھ کر دونوں کا گلا بھی دبایا۔ملزم نے مزید بتایا کہ وہ بچوں کے لئے تاوان کا مطالبہ کرنے والا تھا جس کے عوض وہ 4 کروڑ روپے لینا چاہتا تھا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم سے تفتیش کر رہے ہیں کہ اس نے واردات اکیلے میں کی یا دیگر ساتھی بھی تھے۔