0

یہ کون ہیں جن کو ترقی اچھی نہیں لگ رہی،سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت ہے، وہ کچھ عطا کر دیا جو مانگا ہی نہیں: مریم نوازکھل کر بول پڑیں

لاہور ( نیا محاز ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ کون ہیں جن کو ترقی اچھی نہیں لگ رہی، آئین ری رائٹ کیا جا رہا ہے، حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی، کسی نے رخنہ ڈالا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت ہے، وہ کچھ عطا کر دیا جو مانگا ہی نہیں، کہا جا رہا ہے پندرہ دن میں تحریک انصاف کو جوائن کرو، جس کو واپس لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے۔ آئی ایم ایف کو واپس لانے والا وہی ہے جو اڈیالہ میں اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے، کس نے نہیں دیکھا انہوں نے ملک کو آگ لگائی، شہداء کی یادگاروں پر حملہ کیا، عدالت کو یہ سب نظر نہیں آرہا۔ ایک شخص کولانے کے لیے آئین کو ری رائٹ کیا گیا، سپریم کورٹ کے ججوں نے آئین کو ری رائٹ کر دیا، وہ کون ہیں جن کو ملک ترقی کرتا ہوا اچھا نہیں لگتا اور آئین کوری رائٹ کیا گیا۔پی ٹی آئی کو وہ ریلیف دیا گیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا، عمر عطا بندیال نے بھی آئین کوری رائٹ کیا تھا۔ چند افراد کا ٹولہ بیٹھ کر ایسے فیصلے کر دیتا ہے جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے، سپریم کورٹ نے وہ کچھ عطا کر دیا جو مانگا نہیں گیا تھا، آئین اور قانون کہتا ہے کہ آپ فلور کراسنگ نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کےججز کا یہ فیصلہ کہتا ہے کہ آپ فلور کراسنگ کریں۔
“جیو نیوز ” کے مطابق مریم نواز نے کہاکہ ایک حکومت ملک کو مستحکم کر رہی ہے تو اسے چلنے دو، عوام اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھیں، اب مزید برداشت نہیں کریں گے اور نہ کرنا چاہیے۔کہا جاتا ہے کہ ضمیر کے مطابق فیصلے کرتے ہیں، فیصلے ضمیر کے مطابق نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہیے، سپریم کورٹ کے ججوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ ملک کو چلنے دیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، مہنگائی ہونے کے بعد قیمتیں واپس لانا مشکل کام ہوتا ہے، نوازشریف مجھے کہتے ہیں کہ روٹی کی قیمت بڑھنے نہیں دینی، مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔جب ملک میں استحکام ہونے لگتا ہے تو کسی نہ کسی کو اس کی تکلیف شروع ہو جاتی ہے، جس کو وہ لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے، پتہ نہیں وہ کدھر سے لانچ ہوئے اور پیسہ کہاں سے آتا ہے۔ شہبازشریف کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں، ہمیں تنزلی کی طرف جاتا ہوا پاکستان ملا، سٹاک مارکیٹ 82 ہزار پر پہنچی ہے، یہ بلاوجہ نہیں ہوتا۔
تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل بڑھے ہیں، تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ پنجاب میں لا رہے ہیں، 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت سولر دیں گے، پنجاب کے تمام اضلاع میں ماڈل بازار بنائیں گے۔خیبرپختون خوا میں پی ٹی آئی کی 11سال سے حکومت ہے، صوبے میں کیا کیا ہے؟

مریم نواز نے کہا ہے کہ قوم سے وعدہ کرتی ہوں، جب تک عہدوں پر ہیں ملک کی خدمت کرتے رہیں گے، آپ کے گھر کی دہلیز پر کچن کا سامان دستیاب ہو گا، مہنگائی ایک دفعہ ہو جاتی ہے تو اس کو واپس لانا مشکل کام ہے، جو کچھ بھی ہم کر سکتے ہیں کر رہے ہیں اور کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں