0

برطانوی شخص کو دنیا کا طویل العمر ترین شخص تسلیم کر لیا گیا ، اس کی کیا عمر ہے؟

لندن(نیا محا ز) برطانیہ کے جان ایلفریڈ ٹینیس ووڈ کو گزشتہ ہفتے دنیا کا زندہ طویل العمر ترین شخص تسلیم کر لیا گیا ہے اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق جان ایلفریڈ کو یہ اعزاز وینزویلا کے جوآن ونسینٹ پیریز کے انتقال کے بعد ملا جو گزشتہ ہفتے اپنی 115ویں سالگرہ سے محض دو ماہ قبل دنیا سے رخصت ہو گئے۔
انتقال کے وقت جوآن ونسینٹ پیریز کی عمر 114سال اور 11ماہ تھی۔ جان ایلفریڈ کی عمر اس وقت 111سال اور 224دن ہے۔ان کی پیدائش 26اگست 1912ءکی ہے۔ انہوں نے دونوں جنگ عظیم دیکھ رکھی ہیں اور انفلوئنزا اور کورونا وائرس جیسی وبائیں جھیل رکھی ہیں۔ وہ خود دوسری جنگ عظیم میں بطور فوجی حصہ بھی لے چکے ہیں اور اس وقت دوسری جنگ عظیم لڑنے والے طویل العمر زندہ شخص کا اعزاز بھی ان کے پاس ہے۔
اپنی خوراک کی تفصیل بیان کرتے ہوئے جان ایلفریڈ نے بتایا ہے کہ انہوں نے زندگی میں کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی اور شراب بھی شاذ و نادر ہی پی ہو گی جبکہ وہ ہر جمعہ کے دن مچھلی اور چپس کھاتے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کی طویل العمری کا راز ان کی اچھی قسمت ہے۔ انہوں نے لوگوں کو متناسب زندگی گزارنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر آپ بہت زیادہ شراب نوشی کرتے ہیں یا بہت زیادہ کھاتے ہیں یا بہت زیادہ پیدل چلتے ہیں ، آپ کچھ بھی حد سے زیادہ کرتے ہیں تو بالآخر آپ کو اس کا نقصان دہ نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔ چنانچہ ہمیشہ ہر چیز میں میانہ روی اختیار کریں۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں