0

خودکشی کرنیوالے بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کی فیملی کا چیئرمین نیب سے ملاقات سے انکار لیکن پھر کیسے راضی ہوگئی؟ تفصیلات منظرعام پر

اسلام آباد (نیا محاز )قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کی فیملی سے ملاقات کی جو پہلے ملاقات پر راضی ہی نہیں تھے جبکہ بعدازاں قبر پر بھی حاضری دی، اب اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

روزنامہ جنگ کے مطابق یکم مئی کو قومی احتساب بیورو سے ایک بیوہ کو فون کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والا چیئرمین نیب کے دفتر سے تھا جس نے بتایا کہ اُن کے سربراہ خاتون کے گھر آنا چاہتے ہیں۔ خاتون نے سوال کیا کہ وہ کس مقصد سے آنا چاہتے ہیں، تاہم بعد میں ملاقات سے انکار کر دیا کہ اس وقت بہت دیر ہو چکی تھی۔ خاتون کے شوہر اسد منیر نے پانچ سال قبل خود کشی کی تھی۔ اس کے باوجود چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے اسد منیر کے اہل خانہ سے ملاقات کیلئے اصرار کیا، اسد منیر اچھی ساکھ کے حامل ایک ریٹائرڈ بریگیڈیئر اور دیانتدار شخص تھے۔ انہوں نے خودکشی سے قبل اپنے نوٹ میں نیب کی ہراسانی کو وجہ قرار دیا کہ بیورو نے ان کی زندگی اجیرن کر دی تھی۔
ہوں نے نوٹ میں لکھا تھا کہ ان کے اس اقدام کی وجہ سے ایسے دیگر لوگوں کی جان بچ جائے گی جو نیب کے ہاتھوں ایسے جرائم کی وجہ سے ذلت کا سامنا کر رہے تھے جو انہوں نے کیے ہی نہیں تھے۔ اسد منیر کی خودکشی کے تین سال بعد احتساب عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا۔ نذیر بٹ کو خودکشی کے نوٹ میں دلچسپی تھی۔ اگرچہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ تعزیت کرنا چاہتے تھے لیکن وہ اسد منیر کے آخری نوٹ کے حوالے سے مزید جاننا چاہتے تھے۔ اسد منیر کے اہل خانہ نے ملاقات کیلئے آمادگی ظاہر کی۔
چیئرمین نیب نے اسد منیر کی بیوہ سعیدہ اور بھائی خالد منیر کو بتایا کہ نیب سرکاری افسران سے تفتیش کیلئے ایس او پیز تیار کر رہا ہے، اور وہ جاننا چاہتے تھے کہ اسد پر کیا گزری تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ وہ یہ بھی جاننا چاہتے تھے کہ ٹھوس وجہ کے بغیر نیب اسد منیر کے پیچھے کیوں لگا؟ اسد منیر کے اہل خانہ اس وجہ اور محرکات سے لاعلم تھے۔ چیئرمین نیب نے تاخیر سے آنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نیب کے کئی دیگر ’’متاثرین‘‘ سے ملاقات چاہتے ہیں۔
اسد کی فیملی سے ملاقات ان کا پہلا دورہ تھا۔ تین دن بعد انہوں نے سیکٹر ایچ ایٹ کے قبرستان کا دورہ کیا۔ اسد منیر کا ایک دوست فاتحہ خوانی کیلئے وہاں موجود تھا؛ اس دوست کو اسد منیر کی قبر پر پھولوں کا گلدستہ ملا جس پر ایک نوٹ درج تھا: لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ چیئرمین نیب۔ اس دوست نے اس گلدستے کی تصویر کھینچی۔ سعیدہ پہلے تو چیئرمین نیب سے ملاقات کے معاملے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھیں لیکن گلدستہ رکھے جانے کے اشارے کی تعریف کیے بغیر نہ رہ پائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں چیئرمین نیب ایک اچھے انسان ہیں۔ اگرچہ چیئرمین نے دیگر متاثرین کی عیادت کا ارادہ ظاہر کیا ہے، لیکن اسد منیر فیملی شاید واحد ہے جن سے وہ ملاقات کیلئے گئے ہیں۔
نیب کے ذریعے کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب اگلے دورے میں لاہور جائیں گے جہاں وہ اُس وائس چانسلر سے ملاقات کریں گے جن کی نیب کی حراست میں ہتھکڑیاں لگی تصاویر میڈیا کی زینت بنی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں