سلام بحضور امامِ عالی مقام امام حسینؓ
میری نسلیں تری غلام حسینؓ
میرے مولا مرے امام حسینؓ
کوئی لیتا نہیں یزید کا نام
ایسے لیتا ہے انتقام حسینؓ
دیں کا آغاز لا سے ہوتا ہے
اور اس لا کی تو ہے لام حسینؓ
ہے سکھاتا نہی عن المنکر
کربلا میں ترا قیام حسینؓ
کر نہ پائی کبھی وہ سیرابی
لے گیا پیاس سے جو کام حسینؓ
کانپ جاتا ہے نام سے تیرے
آج بھی ظلم کا نظام حسینؓ
خوف رہتا نہیں کوئی دل میں
جب بھی لیتا ہوں تیرا نام حسینؓ
اس کو انمول کر دیا واللہ
حر کے ایسے لگائے دام حسینؓ
تو پلا گود میں نبوت کی
کیا بتاؤں ترا مقام حسینؓ
اس کو رکھنا سدا غلاموں میں
تجھ کو تنہا کہے سلام حسینؓ
کلام :محمد عمران تنہا