0

جیل میں بھوک ہڑتال پر جارہا ہوں: عمران خان،پی ٹی آئی کا صدر اور وزیراعظم کو خط

لاہور(نیا محاز )پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے صدر اور وزیراعظم کو خط دیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے صدر اور وزیراعظم کو خط تحریک انصاف کے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لکھا۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو لوگوں سے ملنے نہیں دیا جارہا، عمران خان کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی کا الزام عائد کر کے بھوک ہڑتال پر جانے کا عندیہ دیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ میرے پاس پارٹی رہنما ملاقات کے لئے آئے لیکن انہیں ملنے نہیں دیا گیا، میں 3 گھنٹے اندر انتظار کرتا رہا میرے پارٹی رہنما باہر کھڑے رہے، میں نے دونوں گروپس کو اختلافات ختم کرنے کےلئے جیل بلایا تھا۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب مجھ سے لوگوں کو ملنے نہیں دیا جائے گا تو اختلافات کیسے ختم ہوں گے، جیل میں میرے ساتھ ناروا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جارہا ہوں، پارٹی سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں