0

پِیک سمر سیزن کا آغاز‘ ایمریٹس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

ایئرپورٹ آنے والی سڑکوں پر ٹریفک کے رش اور امیگریشن قطاروں میں طویل انتظار سے بھی خبردار کردیا
دبئی ( نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی 2024ء ) ایمریٹس ایئرلائن نے پِیک سمر سیزن کے آغاز پر ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ گلف نیوز کے مطابق 6 جولائی سے شروع ہونے والے موسم گرما کے سفر کے مصروف ترین دورانیے کے لیے دبئی کے فلیگ شپ کیریئر ایمریٹس نے جمعرات کو ایک ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں ایئر لائن نے مسافروں کو ہوائی اڈے پر اہم اوقات کو نوٹ کرنے، ہوائی اڈے کے طرف آنے والی سڑکوں پر ٹریفک کے رش سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کا مشورہ دیتے ہوئے امیگریشن قطاروں میں طویل انتظار سے خبردار کیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کنکورسز اور بورڈنگ گیٹس کے درمیان سفر کے وقت کی منصوبہ بندی کریں، کمپلیمنٹری آئس کریم اور ایمریٹس کی جانب سے مسافروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کا تجربہ کرنے کے لیے فراہم کیے جانے والے بہت سے اختیارات سے لطف اندوز ہوں، مسافر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) پر ایمریٹس ٹرمینل 3 پر دستیاب بہت سی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں جن میں مفت سٹرولرز، ہوائی اڈے کی بگیاں، بچوں کے کھیلنے کی جگہ اور بہت کچھ شامل ہے۔

ایمریٹس نے تمام مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ روانگی سے تین گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر پہنچیں اور پرواز سے ایک گھنٹہ 30 منٹ پہلے امیگریشن یقینی بنائیں، مسافروں کو روانگی سے ایک گھنٹہ قبل اپنے درست بورڈنگ گیٹ تک پہنچنا چاہیے، ایئر لائن کے مسافر دبئی اور شارجہ میں ایمریٹس ہوم چیک ان سروس استعمال کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں، مسافر آن لائن چیک ان کرنے کے لیے ایمریٹس ایپ کا استعمال کریں، زیادہ تر مقامات کے لیے ڈیجیٹل بورڈنگ پاسز ڈاؤن لوڈ کریں اور پرواز کی اطلاعات موصول کریں۔
اسی طرح ہوائی اڈے پر وقت بچائیں اور اس کے بجائے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) کے ICD بروک فیلڈ پلیس میں ایمریٹس سٹی چیک ان اور ٹریول اسٹور پر چیک ان کریں، مسافر روزانہ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک پرواز کے وقت سے سے 24 گھنٹے پہلے سے لے کر روانگی سے 4 گھنٹے قبل تک چیک ان اور سامان چھوڑ سکتے ہیں، عجمان سمیت شمالی امارات کے مسافروں کے پاس عجمان سینٹرل بس ٹرمینل پر چیک ان کرنے کا آپشن موجود ہے، مسافر دن میں 24 گھنٹے کسی بھی وقت چیک ان کر سکتے ہیں جب کہ مسافر بغیر کسی فیس کے سفر سے ایک رات پہلے ہوائی اڈے پر سامان بھی چھوڑ سکتے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے موقع پر 12 جون سے 25 جون تک 3.7 ملین سے زیادہ مہمانوں کا استقبال کیا، موسم گرما کی تعطیلات کے لیے سکول بند ہونے کی وجہ سے جولائی اگست کے دوران مسافروں کی تعداد زیادہ ہونے کی امید ہے، جون سے اگست 2023ء تک ایئر لائن نے 140 شہروں کے لیے اور وہاں سے واپسی کی تقریباً 50 ہزار پروازیں چلائیں، جن میں 14 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں