0

عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے، عدالت نے اعتراضات دور کرکے پٹیشن پر نمبر لگانے اور اس کے بعد کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی

اسلام آباد (نیا محاز اخبارتازہ ترین۔03جولائی 2024 ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کیلئے مقرر کر دی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے، عمران خان کی جانب سے وکیل شعیب شاہین عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔دوران سماعت عدالت نے اعتراضات دور کرکے پٹیشن پر نمبر لگانے اور اس کے بعد کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے عمران خان کے وکیل سے دریافت کیا کہ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا ہے میجر اور کرنل کو کیسے فریق بنایا جا سکتا ہے ؟ وکیل نے بتایا کہ ہم نے میجر یا کرنل کو فریق نہیں بنایا بلکہ وزارت دفاع کو فریق بنایا ہے۔

سابقہ جو عدالتی احکامات تھے وہ بھی ساتھ منسلک ہیں۔بعد ازاں عدالت نے اعتراضات دور کرکے پٹیشن پر نمبر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کل سماعت کیلئے مقرر کردیا۔قبل ازیں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر ملزمان کو بری کردیا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماو¿ں کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید ،شہریار آفریدی ، فیصل جاوید، راجا خرم نواز ،علی نواز اعوان اسد قیصرکو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات میں بری کردیا۔عمران خان ، شیخ رشید و دیگر کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ اور انصر کیانی نے دلائل دیئے تھے۔یاد رہے کہ عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، فیصل جاوید و دیگر کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں