0

صوبائی وزیر خیبرپختونخوا گرڈ سٹیشن میں داخل‘ 5 سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال کرادی

متعلقہ فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹوں سے زیادہ تھا، لوڈشیڈنگ نے عوام کا برا حال کردیا ہے۔ وزیرخوراک ظاہر شاہ طورو کی گفتگو

مردان ( نیا محاز اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیرخوراک ظاہر شاہ طورو نے مردان میں گرڈ سٹیشن میں داخل ہوکر 5 سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال کرادی، پیسکو حکام کو شیڈول لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بجلی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے مردان میں گریڈ سٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گرڈ سٹیشن میں بجلی لوڈشیڈنگ سے متعلق پیسکو حکام سے ملاقات کی، اس موقع پر ظاہر شاہ طورو نے گرڈ سٹیشن میں 5 سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال کروا دی۔
وزیر خوراک خیبر پختونخوا نے کہا کہ متعلقہ فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹوں سے زیادہ تھا، لوڈشیڈنگ نے عوام کا برا حال کردیا ہے، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی حکام سے بجلی بحال کرانے کی درخواست کی، میری درخواست کو قبول کرتے ہوئے پیسکو نے بجلی بحال کی، مردان کے علاقے رورل 1، باغ ارم، عید گاہ، مستری آباد، شیخ ملتون ٹاؤن، نوے کلے اور احمد آباد کو بجلی بحال کی گئی۔

ادھر وزارت داخلہ نے خیبرپختونخواہ کے حساس گرڈ سٹیشنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، گرڈ سٹیشنوں پر حملوں اور زبردستی بجلی چالو کرنے کے معاملے پر چیف پیسکو نے ایم ڈی پی پی ایم سی اسلام آباد کو خط لکھ دیا، وزارت داخلہ نے گرڈ سٹیشنوں پر سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے گرڈ سٹیشنوں میں داخلوںپرپابندی لگا دی ، اس کے ساتھ ساتھ پولیس کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ گرڈ سٹیشنوں پر حملوں میں ملوث اراکین اسمبلی سمیت دیگر افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے مقدمات قائم کئے جائیں۔
دریں اثناءچیف پیسکو کی طرف سے ایم ڈی پی پی ایم سی اسلام آباد کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اراکان قومی اور صوبائی اسمبلی نے زبردستی متعلقہ گرڈ اسٹیشنزمیں گھس کر بجلی بحال کی، اس غیرقانونی اقدام سے پیسکو کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا، متعلقہ گرڈسٹیشنوں پر حملے اور کارسرکار میں مداخلت کے پیش نظر ارکان اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی درخواست کی گئی لیکن پولیس کی جانب سے تاحال ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کیاگیا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے بھی 12 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں بجلی بحال کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج سے روکا ہوا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں