روم(نیا محاز ) اٹلی کے ساحلی علاقے میں ایک تارک وطن نے ڈوبتی کشتی میں ماں کے سامنے 16سالہ بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اس کشتی میں 70 پناہ گزین سوار تھے، جن میں اکثریت عراقی شہریوں کی تھی۔ 27سالہ ملزم کا تعلق بھی عراق سے تھا، جس نے بیٹی کو ماں اور دیگر پناہ گزینوں کے سامنے درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔
کشتی ڈوبنے سے اس میں سوار 58افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ باقی 12کو ریسکیو ٹیموں نے بچا لیا، جن میں ملزم بھی شامل تھا۔ ریسکیو آپریشن میں 35لوگوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں، جن میں 15بچے شامل تھے۔زندہ بچ جانے والوں نے ملزم کی غیرانسانی حرکت کے بارے میں حکام کو بتایا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ لڑکی کی ماں کشتی میں سوار لوگوں کو بار بار مدد کے لیے پکارتی رہی مگر کشتی اس وقت ڈوب رہی تھی اور سبھی کو جان کے لالے پڑے ہوئے تھے۔ملزم کی بیوی اور بیٹی بھی اس کشتی میں سوار تھیں جو اس کی اس حرکت سے پہلے ہی سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو چکی تھیں۔