0

جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا پانچواں کانووکیشن وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی مہمان خصوصی کے طور شرکت

سیالکوٹ نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 29 جون2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا پانچواں کانووکیشن گریس مارکی میں منعقد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد محمد آصف نے طالبات کو ڈگری مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور طالبات کو نصیحت کی کہ وہ علم کو معاشرے میں بانٹیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبات ڈگری حاصل کرنے کے بعد گھروں میں بیٹھنے کی بجائے ملک وقوم کی خدمت کریں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے ابتدائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے مہمان خصوصی خواجہ محمد آصف صدر چیمبر عبدالغفور ملک اور صدر ویمن چیمبر ڈاکٹر مریم نعمان و اراکین، ممبرز سنڈیکیٹ، پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ایلومینائی ممبران، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر مہمانان گرامی کا کانووکیشن میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے طالبات کو عملی زندگی میں قدم رکھنے پر مبارکباد دی اور اپنے ادارے، شہر اور ملک کا نام روشن کرنے کی نصیحت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی میدان میں کامیابیوں، امام بی بی کیمپس پر ترقیاتی کام اور مستقبل کے تعلیمی اور تحقیقی پراجیکٹس پر تفصیلاً سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔
کانووکیشن میں بی ایس سیشن 2017-21 کی 1542، ایم اے/ایم ایس سی سیشن 2019-21 کی 344 اور ایم ایس 2018-20 اور 2019-21 کی 344 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ پانچویں کانووکیشن میں کل 2210 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں جس میں 29 گولڈ میڈل، 29 سلور میڈل اور ایک علامہ اقبال میڈل دیا گیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی مس گلناز شجاعت پاشا نے طالبات اور والدین کو مبارکباد پیش کی۔
کانووکیشن میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، مس مسرت خواجہ، ایم پی اے فیصل اکرام، مس گلناز شجاعت پاشا، ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر مریم نعمان، فیصل منظور، خواجہ مسعود، چیئرمین فارورڈ سپورٹس، چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ لمیٹڈ سہیل سعید برلاس، وائس چیئرمین محمد داود سائر، وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اوزیرہ رفیق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف میانوالی پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ ڈاکٹر محمد واجد، سابق وزیر تعلیم اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساوتھ ایشیاء میاں عمران مسعود، خواجہ صفدر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود کے ساتھ ساتھ چیمبر اراکین، گورنمنٹ کالجز کے پرنسپلز، سکیورٹی اداروں کے نمائندگان، میڈیا نمائندگان، تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان اور طالبات نے شرکت کی۔
ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس اور انچارج فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے اپنی اپنی فیکلٹی کی طالبات کو ڈگریاں دیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے کنٹرولر ملک گلشان اسلم ،ان کی ٹیم اور دیگر انتظامیہ کمیٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں