0

لیجنڈ اداکار سلطان راہی کا 86 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

لاہور (نیا محاز )لیجنڈ اداکار سلطان راہی کا 86 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، بلاک بسٹر فلم’ مولا جٹ‘ سمیت سیکڑوں فلموں میں اداکاری کے جو ہر دکھانے والے فلمی دنیا کے بےتاج بادشاہ نے3 دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا۔
پنجابی فلموں کے سلطان اداکار سلطان راہی نے 1938 میں بھارتی شہر سہارن میں آنکھ کھولی اور تقسیم ہند کے بعد وہ پاکستان منتقل ہوگئے، سلطان راہی نے 1971 میں اپنے فلمی کیریئرکا آغاز کیا، اس دوران پنجابی فلم بشیرا کی کامیابی نے انہیں سپر اسٹاربنا دیا، سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی فلم کی کامیابی کی ضمانت بنی اور ان کی فلم ‘مولا جٹ نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے۔
12 اگست 1981 کو ایک ہی دن میں 5 فلمیں شیر خان، ظلم دا بدلہ، اتھرا پتر، چن وریام اور سالا صاحب ایک ہی روز ریلیز ہونے کا اعزاز بھی سلطان راہی کے پاس ہے، ان تمام فلموں نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کر دیئے تھے، مجموعی طور پر 700 سے زائد اُردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر سلطان راہی کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا اور انہیں 150 سے زائد فلمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔

سلطان راہی اور انجمن کی جوڑی نے فلم بینوں کے دل موہ لیے، ایکشن ہیرو کی دیگر مقبول ترین فلمی ہیروئن میں آسیہ، صائمہ، گوری، نیلی اور بابرہ شریف قابل ذکر ہیں، فن کے سلطان کو 9 جنوری 1996ء کو گوجرانوالہ کے قریب نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، وفات کے وقت بھی سلطان راہی کی 54 فلمیں زیر تکمیل تھیں جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں