0

پنجاب کے بجٹ کا حجم 53 کھرب متوقع، کل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

لاہور (نیا محاز )پنجاب کا مالی سال 25-2024 کے بجٹ کا حجم 53 کھرب روپےکے قریب متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپےکےقریب ہونےکا امکان ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 33 ارب82کروڑ مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق 620 ارب 59 کروڑ روپے کی 4 ہزار 211 اسکیمیں بجٹ میں شامل کی گئی ہیں جبکہ 1863 اسکیموں کو مکمل کیا جائےگا، 391 ارب روپے کی جاری 2805 اسکیمیں آئندہ مالی سال میں شامل ہیں۔

پنجاب کے بجٹ میں لوکل گورنمنٹ کے لیے 14 ارب چارکروڑ 80 لاکھ روپے مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔روڈ سیکٹر اسکیموں کے لیے ایک کھرب 21 ارب 74کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنےکی تجویز دی گئی ہے جبکہ اسپیشل ایجوکیشن کے لیے 2 ارب روپے مختص کرنےکی تجویز ہے، لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کرنےکی تجویز ہے۔
سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرکے لیے 4 ارب87کروڑ 50 لاکھ روپے، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کیلئے 76 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ روپے اور پرائمری ہیلتھ کیئرکے لیے 33 ارب 89 کروڑ 70 لاکھ مختص کرنےکی تجویز ہے۔دستاویزات کے مطابق پاپولیشن ویلفیئرڈپارٹمنٹ کےلیے تین ارب روپے مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے جبکہ واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کے لیے 8 ارب 9 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سوشل ویلفیئرکے لیے ایک ارب 5 کروڑ 79 لاکھ روپے، محکمہ ویمن ڈیولپمنٹ کے لیے 92 کروڑ 60 لاکھ روپے، پبلک بلڈنگ کے لیے 20 ارب 78کروڑ 50 لاکھ روپے اور اربن ڈیولپمنٹ کے لیے24 ارب 38 کروڑ 10لاکھ روپےمختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ انڈسٹریز کے لیے 10 ارب 79 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے لیے37ارب 38 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنےکی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں