0

عمران ریاض حج پر روانہ ہوتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار

احرام میں ملبوس صحافی کو لاہور پولیس کے دستے نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا
لاہور (نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) معروف صحافی عمران ریاض خان کو حج پر روانہ ہوتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے اجازت ملنے کے بعد احرام پہنے ہوئے عمران ریاض خان احرام حج پر روانہ ہونے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے تولاہور پولیس کے 24 سے زائد اہلکار انہیں گرفتار کرنے کے لیے وہاں موجود تھے جنہوں نے معروف صحافی کو احرام میں ملبوس حالت میں ہی گرفتار کرلیا، پولیس اہلکاروں نے گرفتار کرنے کے بعد عمران ریاض خان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
عمران ریاض کے وکیل اظہر صدیق نے گرفتاری کی صدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معروف صحافی کے ہمراہ دیگر ساتھی بھی موجود تھے جن میں ان کے ذاتی وکیل میاں علی اشفاق بھی شامل ہیں، عمران ریاض کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا، پولیس نے بغیر ورانٹ گرفتاری کے گاڑی سے اتار کر لے گئی اور کسی نئے مقدمے کا بھی نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ صحافی عمران ریاض خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے حج پر جانے کی اجازت دی تھی جس کے عدالت نے انہیں بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی اور 8 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا، ساتھ ہی یہ ریمارکس بھی دیئے کہ ’اگر پیش نہ ہوئے تو ہم گرفتاری کا آرڈر جاری کریں گے‘۔

اس سے پہلے 3 جون 2024 کو بھی عمران ریاض خان کو ایئر پورٹ پر حج کے لیے روانگی سے روک دیا گیا تھا، ایئرپورٹ اسٹاف نے عمران ریاض خان کو دستاویزات چیک کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ ان کا نام ای سی ایل میں موجود ہے، جس کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے 29 مئی کو صحافی عمران ریاض خان کی حج کے لیے جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت کی تھی اور عمران ریاض خان کو حج پر جانے کی اجازت دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں