لاہور قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنی پسند کی شادی کے لیے ایک یا دو سال نہیں بلکہ 8 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حالیہ انٹرویو میں محمد رضوان نے بتایا کہ میں جس لڑکی سے شادی کا خواہش مند تھا اس لڑکی کے گھر والے اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے لیکن 8 سال کے لمبے انتظار کے بعد اور دعاؤں کے باعث میں اپنی محبت پانے میں کامیاب ہوا۔رضوان نے کہا کہ سب کو علم ہے کہ لَو اسٹوری ذرا مشکل ہوتی ہے اور پھر ہمارے پٹھان گھرانے میں یہ سب بہت ہی مشکل ہے، میرا خیال ہے کہ میں اپنی فیملی کا پہلا بندہ ہوں جس نے محبت کی شادی کی، پھر میرے بعد میرے بھائی نے کی۔
کرکٹر کا کہنا تھاکہ میں زیادہ تفصیل تو نہیں بتاؤں گا لیکن بس یہ کہوں گا کہ کافی مشکل ہوئی، مجھے 8 سال انتظار کرنا پڑا اور اللہ سے روز مانگنا پڑا مگر یہ ہمارے ذہنوں میں چیزیں تھیں کہ اللہ سے جو مانگا جائے یہ ہو نہیں سکتا کہ نہ ملے۔وکٹ کیپر بیٹر نے مید کہا مجھے اس وقت یقین تھا کہ اللہ سے جو مانگو وہ خالی ہاتھ نہیں لوٹائے گا، ایسے ہی کرکٹ کے معاملے پر بھی اللہ پر یقین ہے، یقین ہونا چاہیے کہ اللہ سے مانگی ہوئی ہر چیز ملے گی۔