0

قرض اہداف کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد آئی ایم ایف سے مذاکرات ہونگے

اسلام آباد(نیا محاز )عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے قرض پروگرام کے لئے مذاکرات کا آغاز قرض اہداف کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ہوگا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئی ایم ایف وفدکے ساتھ پاکستانی حکام کے مذاکرات کا آج آخری دن ہے، آئی ایم ایف وفد کے ارکان بغیر کسی اعلان کے آج اور کل روانہ ہوجائیں گے جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ مذاکرات قرض پروگرام کے لئے نہیں تھے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے معیشت کے بارے ڈیٹا حاصل کیا اور ڈیٹا وصولی کی بعد معیشت کا جائزہ لےکربجٹ کے خدوخال پاکستانی حکام کو بتا دیے ہیں، نجکاری اور توانائی کے شعبے کی اصلاحات کے اہداف سے بھی پاکستانی حکام کوآگاہ کردیا گیا ہے، اگلے سال کےلئے ٹیکس وصولیوں اور ایف بی آر اصلاحات کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کردیاگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اہداف اورخدوخال کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے، یہ پہلی بارہوگا کہ پاکستان مذاکرات سے پہلے آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پر عملدرآمد شروع کردےگا یا اہداف اور خدوخال کی پارلیمنٹ سے منظوری کراکے ان پر عملدرآمدکی تاریخ کا تعین کریگا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نئے قرض پروگرام کے لئے مذاکرات جون کے آخر میں شروع ہوں گے، آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کوشش کررہے ہیں کہ یکم جولائی سے پہلے معاہدہ ہوجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں