0

چوہدری پرویز الہٰی نو مئی کے 20 نئے مقدمات میں نامزد

آئی جی پنجاب عثمان انور کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی گئی

لاہور ( نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو نو مئی کے 20 نئے مقدمات میں نامزد کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوچکا ہے کیوں کہ پنجاب پولیس کی جانب سے صدر پی ٹی آئی کو 9 مئی کے 20 نئے کیسز میں نامزد کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے آئی جی پنجاب عثمان انور کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے، جسٹس امجد رفیق نے آئی جی پنجاب کو کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔

پنجاب پولیس کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی کو نو مئی کے واقعات کے حوالے سے لاہور میں 3، فیصل آباد میں 4 اور راولپنڈی میں درج ہونے والے 11 مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر کو ضلع اٹک اور گوجرانوالہ کے ایک ایک کیس میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں محمکہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ بھی درج کر رکھا ہے، اس حوالے سے ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 پر 12 غیرقانونی بھرتیاں کیں، پنجاب اسمبلی میں اُمیدواروں کو ریکارڈ میں ردوبدل کرکے بھرتی کیا گیا، بھرتی کے عمل میں گھپلوں کےلیے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ اینٹی کرپشن انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں، اینٹی کرپشن نے جعلی بھرتی کیس کے اسی مقدمے میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کو گرفتار کیا، سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز کو بھی جعلی بھرتیاں ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا، رائے ممتاز نے پرویز الہٰی سے مل کر پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں