0

ماہرہ خان نے سٹیج پر اپنے اوپر ’نامعلوم چیز‘ پھینکنے والے شخص کو انتہائی خوبصورت جواب دیدیا

لاہور (نیا محا ز )کوئٹہ میں ہونے والے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے دوران پیش آنے والے واقعے پرسپر سٹار ماہرہ خان نے ردعمل جاری کرتے ہوئے زور دار جواب دیدیا ہے ۔

ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں جو کچھ بھی ہوا وہ ناقابلِ قبول تھا، ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ سٹیج پر کچھ پھینکنا غلط ہے چاہے وہ کاغذ کے جہاز میں لپٹا ہوا پھول ہی کیوں نہ ہو۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایسے واقعات پروہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ تقریب میں موجود دیگر لوگوں کے لیے بھی خوفزدہ ہو جاتی ہیں کیونکہ ایسے واقعات سے صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید لکھا اس واقعے کے بعد کسی نے کہا کہ اب ہم یہاں فیسٹیول نہیں کریں گے۔ لیکن میں نے ان کی بات سے اختلاف کیا کیونکہ یہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ تقریب میں 10 ہزار شائقین موجود تھے جنہوں نے اپنی محبت دکھائی، اُن میں صرف ایک شخص کی وجہ سے ہم اپنا کام نہیں روک سکتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی مزید تقریبات منعقد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اس طرح کی تقریبات کے آداب سیکھ سکیں۔

پوسٹ کے اختتام پرماہرہ خان نے بلوچستان کے لوگوں اور وہاں کے کھانوں کی تعریف کی، انہوں نے مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں انتہائی حیرت انگیز لوگوں سے ملی، ہم نے کوئٹہ کے خوبصورت موسم میں لذیذ کھانے کھائے۔ مجھے کوئٹہ سے پیار ہے اور میں انشاء اللہ دوبارہ بھی کوئٹہ آؤں گی۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے گلاب کافی سحر انگیز تھے، اور یہ دیکھ کر زیادہ حیرت ہوئی کہ یہاں کے گلاب بھی پتھر کی مانند مضبوط ہیں۔

واضح رہے اداکارہ ماہرہ خان نے کوئٹہ میں ایک ادبی تقریب میں شرکت کی جہاں ہجوم میں موجود کسی شخص نے ان کی طرف کوئی چیز اٹھا کر پھینک دی جس پر ماہرہ خان نے اپنی گفتگو روکتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نامناسب حرکت ہے۔انہوں نے کہا کہ ’میں کوئی گفتگو نہیں کروں گی کیونکہ آپ نے مجھ پر کچھ پھینکا ہے، اس کا مطلب ہے کہ گفتگو کی کوئی گنجائش نہیں ہے‘۔ لیکن بعز ازاں ماہرہ خان نے اس بات کو آرام سے سنبھالا اور بات چیت دوبارہ شروع کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں