ممبئی (نیا محاز ) بالی ووڈ کی اداکارہ سوہا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ اداکاری کا شوق پورا کرنے کیلئے کارپوریٹ سیکٹر کی جاب چھوڑی لیکن ڈائریکٹر نے کسی اور اداکاروں کو اپنی فلم میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کرکٹر منصور علی خان پٹوڈی اور سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور کی صاحبزادی سوہا علی خان نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے کیریئر کے انتخاب سے متعلق گفتگو کی۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ تھیٹر میں بڑی ہونے والی بچی تھیں اور جانتی تھیں کہ میری ماں اور بھائی اداکار ہیں، مگر میں کچھ مختلف کرنا چاہتی تھی اور ایسا محسوس نہیں کرنا چاہتی تھی کہ میں اپنی والدہ اور بھائی کی نقل کررہی ہوں، یا آسان راستہ اختیار کر رہی ہوں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سوہا علی خان نے کہا کہ لہٰذا میں نے کارپوریٹ سیکٹر میں کام کیا اور میں اپنے خاندان میں پہلی ڈگری حاصل کرنے والی لڑکی ہوں۔ اپنی پہلی تنخواہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، سوہا علی خان نے کہا کہ “مجھے ایک سال میں 2 لاکھ روپے ملے۔ یہ پوسٹ گریجویٹ تنخواہ تھی اور میں اس وقت ممبئی میں 17,000 روپے ماہانہ کرایہ ادا کر رہی تھی۔ میں نہیں جانتی کہ نواب خاندانوں کے بارے میں آپ کا کیا تاثر ہے لیکن میرے پاس بہت زیادہ نقد رقم نہیں ہے۔
میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کا کیرئیر تبدیل کرنے کا فیصلہ بنیادی طور پر مالی تحفظات کی وجہ سے تھا؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ملازمت سے ملنے والی پہلی تنخواہ کا اپنی پہلی فلم سے موازنہ کیا اور یہ بات تو سب کو معلوم ہے کہ فلمی کیریئر زیادہ منافع بخش ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اپنی پسند کے بارے میں جذباتی رہی ہیں، اور مجھے اپنی پسند کا نقصان بھی اٹھانا پڑا کبھی کبھی اس سے لطف اندوز بھی ہوئی ہوں، میرے والدین نے میری تعلیم پر بہت زیادہ سرمایہ خرچ کیا تاکہ میں اپنی مرضی کا انتخاب کرسکوں۔
سوہا علی خان نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اس نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دیے جانے کو اپنے والدین سے پوشیدہ رکھا۔اداکارہ نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ فلموں میں شامل ہونا میری پسند تھی اور میرے والدین کی مرضی نہیں تھی میں نے انہیں 3 ماہ تک نہیں بتایا کہ میں نے نوکری چھوڑی دی ہے اور ایک ایسی فلم میں کام کر رہی ہوں جو حقیقت میں کبھی نہیں بنی اور ڈائریکٹر دو بہت اچھے اداکاروں کے ساتھ چلے گئے، اور میرے پاس کوئی کام نہیں تھا۔
سوہا علی خان نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ فلم انڈسٹری میں ان کی صلاحیتوں کو کس طرح کم استعمال کیا جاتا ہے اپنی جدوجہد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ جس پیشے کا بھی انتخاب کرتی ہیں تو اس پر سخت محنت کرتی ہیں اور کامیابی کو ایک حد تک حاصل کرلیتی ہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ سوہا علی خان آخری مرتبہ 2018 میں فلم صاحب ، بیوی اور گینگسٹر 3 میں نظر آئیں تھیں۔