صوبائی دارالحکومت میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری کر دیا گیا
لاہور (نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2024ء) لاہور والے قیامت خیز گرمی کیلئے تیار ہو جائیں، صوبائی دارالحکومت میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اب تک گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے والے شہر لاہور کے رہائشیوں کیلئے قیامت خیز گرمی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت میں اب تک رہنے والے خوشگوار موسم کے جلد ختم ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ناصرف گرمی کی شدت بڑھنے، بلکہ ہیٹ ویوو کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں رواں ہفتے کے اختتام پر ہیٹ ویوو کی آمد کا امکان ہے۔ ہیٹ ویوو کے دوران شہر میں قیامت خیز گرمی پڑنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں اگلے 7 روز لاہور میں بارش کا امکان نہیں ہے، جبکہ رواں ہفتے کے اختتام پر جمعہ سے درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائے گا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق لاہور میں آنے والی ہیٹ ویوو غیر معمولی ہو گی، لاہور کو مئی کے وسط میں عمومی طور پر اس قدر شدید ہیٹ ویوو کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ 45 ڈگری پارے کے ساتھ دادو اور تربت ملک کے گرم ترین مقامات رہے۔ منگل کو بھی میدانی علاقوں میں غضب کی گرمی پڑے گی۔
پیر کے روز سکھر، سبی اور موہنجوداڑو میں گرمی کی شدت 43، نوابشاہ اور مٹھی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ جنوبی پنجاب میں بھی سورج قیامت ڈھا رہا ہے، ڈی جی خان اور ملتان ریجن بھی شدید گرمی کی زد میں ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ باہر نکلتے ہوئے احتیاط کریں، دوپہر کے اوقات میں سرڈھانپ کرنکلیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔