ڈبلن(نیا محاز) آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20میچ کے دوران ایک افغان تماشائی کی قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاہین شاہ آفریدی ڈریسنگ روم سے گراﺅنڈ کی طرف جا رہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغان مداح شاہین آفریدی سے بدتمیزی کرتا ہے۔ پہلے تو وہ اسے نظر انداز کرتے ہیں مگر پھر سامنا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس پر ان کے ساتھ موجود ایک شخص انہیں روک لیتا ہے۔ بعد ازاں تماشائی کی اس بدتمیزی کی شکایت سکیورٹی اہلکاروں سے کی جاتی ہے جنہوں نے تماشائی کو گراﺅنڈ سے نکال دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اتوار کو ڈبلن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20میچ میں میزبان ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دی، جس سے سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔ اسی میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 300وکٹیں بھی مکمل کیں۔ سیریز کا آخری میچ 14اپریل کو کھیلا جائے گا۔