پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کا اطلاق وزیر اعظم کی منظوری کے بعد 16مئی 2024 سے ہو گا،
عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 7.26 ڈالر فی بیرل کم ہوئی،پٹرول کی قیمت 98.99 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2024 ط) عوام کیلئے خوشخبری،حکومت کا پٹرولیم مصنوعات میںعوام کو ریلیف دینے کاامکان،پٹرول 13اورڈیزل کی قیمت میں8روپے کمی متوقع ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کا اطلاق وزیر اعظم کی منظوری کے بعد 16مئی 2024 سے ہو گا،اگلے 15 روز میں دوسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ،وزارت پٹرولیم ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 7.26 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت 98.99 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 4.68 ڈالر کی کمی سے 99.37 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 16مئی سے پاکستان ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو امید ہے کہ گزشتہ10دنوں میں پی او ایل کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی اور ایران سے اسمگل شدہ پی او ایل مصنوعات کی آمد روکنے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں اضافہ ہوگا۔
حکومت پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کے طور پر 60 روپے فی لٹر بھی وصول کر رہی ہے جبکہ ڈیلرز کو دونوں مصنوعات پر 8.64 فی لٹر کا مارجن مل رہا ہے۔ پٹرول کی موجودہ قیمت فی لٹر قیمت 288 روپے 49 پیسے جبکہ ڈیزل کی 281 روپے 96 پیسے فی لٹر میں فروخت جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے یکم مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی تھی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 42 پیسے کی کمی کردی گئی تھی۔قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 288 روپے 49 پیسے فی لٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 281 روپے 96 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی۔