اسلام آباد (نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس 13 مئی 2024 بروز پیر سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صدر مملکت کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کیلئے دنوں کا تعین اور آئندہ بجٹ اجلاس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں 16 ویں قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے کلینڈر کو طے کرنے سے متعلق امور کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔ اجلاس میں شرکت کیلئے قومی اسمبلی میں موجود سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں/چیف ویب صاحبان کو مدعو کیا گیا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، ملک عامر ڈوگر، اعجاز حسین جاکھرانی، سید امین الحق، نور عالم خان، گل اصغر خان اور خالد حسین مگسی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔