امریکہ جنوبی غزہ کے شہر رفاہ میں اسرائیلی کارروائی کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے،جانی کربی
واشنگٹن(نیا محاز اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 11 مئی2024ء) حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے اور رفاہ کراسنگ پر اسرائیل کے کنٹرول کے حوالے سے مذاکرات کی ناکامی کے باوجود بھی امریکہ ان مذاکرات کو لے کر پرامید ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق وائٹ ہائوس نے اعلان کیا کہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے بدلے جنگ بندی کے معاہدے کے حوالے سے آمنے سامنے ہونے والی بات چیت بغیر کسی سمجھوتے کے ختم ہو گئی، تاہم امریکہ کا خیال ہے کہ باقی ماندہ خلا کو اب بھی پر کیا جا سکتا ہے۔
وائٹ ہائوس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ جنوبی غزہ کے شہر رفاہ میں اسرائیلی کارروائی کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔جان کربی کاکہنا تھا کہ ان کا ملک رفاہ کراسنگ کو فوری طور پر دوبارہ کھولنا چاہتا ہے، یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب حماس نے اطلاع دی ہے کہ تل ابیب نے ثالثوں مصر اور امریکہ کی تجویز کو مسترد کردیا ہے اور اس میں ترمیم متعارف کراتے ہوئے معاملے کو پھر صفر پر لے آیا ہے۔