بشام حملے میں ملوث دہشت گردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان باشندے ملوث ہیں،ممتاز زہرا کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔09 مئی 2024 ئ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ افغان انتظامیہ افغانستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے، بشام حملے میں ملوث دہشت گردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان باشندے ملوث ہیں۔
ہم افغان انتظامیہ سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ان دہشت گرد گروہوں و افراد کے خلاف کارروائی کریں۔اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ افغانستان کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ جب ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفصیلی انٹیلی جنس ڈیٹا موصول ہو گا ہم معاملے کو افغانستان کے ساتھ اٹھائیں گے۔
دفتر خارجہ کے علاوہ افغانستان سے رابطے کے دیگر چینلز بشمول سکیورٹی ڈومین میں بھی موجود ہیں۔ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوو پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔ وہ آج صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔ ازبک وزیر خارجہ بھی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ بھی کل پاکستان پہنچے ہیں وہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کر رہے ہیں۔
ان مذاکرات کا ایجنڈا علاقائی و عالمی امور، تجارت اور سرمایہ کاری ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا دورہ چین سی پیک پر مشاورت کا حصہ ہے۔ پاکستان او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر موقف کی توثیق کو سراہتا ہے۔پاکستان او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہے۔