166

اوپن یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کے موضوع پر3 روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

اسلام آباد (انیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے لئے مصنوعی ذہانت پر 3 روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی جس میں ملک بھر سے 37جامعات کے اساتذہ اور طلبہ نے حصہ لیا تھا ۔ورکشاپ کا انعقادعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے کامن ویلتھ ایجوکیشنل میڈیا فار ایشیاکے تعاون سے کیا تھا جس کے ریسورس پرسنز پاکستان کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، سری لنکا، نئی دہلی، آئرلینڈسے تھے جنہوں نے مختلف سیشنز میں شرکا کو تدریسی و تحقیقی عمل میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے گرُ سکھائے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ مصنوعی ذہانت درس و تدریس سمیت ہر شعبہ زندگی کی اہم ترین ضرورت بن گئی ہے اور اس کے سیکھنے اور سکھانے میں ہی ہماری بقا ہے۔

ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ اُن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر ہم اپنے اساتذہ اور افسران کی ٹریننگ کے لئے مزید ورکشاپس کا انعقاد بھی کریں گے۔

کامن ویلتھ ایجوکیشنل میڈیا فار ایشا کے ڈائریکٹر بشیر احمد نے بھارت سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوپن یونیورسٹی پاکستان کے لئے تربیت یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے میں مثالی کردار ادا کررہی ہے، اس قومی جامعہ کے ساتھ ہماری پارٹنرشپ بہت مفید اور نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے۔انہوں نے اوپن یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کا عمل جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن کے ڈائریکٹرڈاکٹر راہد مجید نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس ورکشاپ میں ہم نے37جامعات کے 32اساتذہ کو فیس ٹو فیس جبکہ باقی اساتذہ کو آن لائن تربیت دی۔اختتامی تقریب میں شرکانے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے اس تربیتی ورکشاپ کو بہت مفید قرار دیا۔انہوں نے تربیتی ورکشاپ منعقد کرانے پر ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن کا شکریہ ادا کیا۔ِورکشاپ کے اختتام پر وائس چانسلر نے شرکا میں اسناد تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں