ان دونوں حلقوں کا فرانزک کرایا جائے تو پورے پاکستان کا نتیجہ مل جائے گا، میں یہ بات حلفاً کہہ رہا ہوں، میرے پاس ثبوت ہیں، نوازشریف کی جیت کو بھی مشکوک بنایا گیا،ن لیگ کے سینئر رہنماء میاں جاوید لطیف کی گفتگو
ل(نیا محاز اخبارتازہ ترین ۔ 25 مارچ 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر رہنماء میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ این اے 114اور این اے 115کا رزلٹ لاہور کی بااثر شخصیت نے بنوایا،ان دونوں حلقوں کا فرانزک کرایا جائے تو پورے پاکستان کا نتیجہ مل جائے گا، میں یہ بات حلفاً کہہ رہا ہوں، میرے پاس ثبوت ہیں، نوازشریف کی جیت کو بھی مشکوک بنایا گیا۔
انہوں نے اے آروا ئی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2013 سے رکاوٹیں پید اکی گئی کہ نوازشریف وزیراعظم نہ بن سکیں، 2014 میں دھرنا دیا گیا، پانامہ کمیٹی بنائی گئی اور مانیٹرنگ جج بٹھایا گیا، جسٹس ر شوکت صدیقی نے سزا سے پہلے جو گفتگو کی اور پھر جو حشر ہوا وہ سب نے دیکھا۔ مجھے کبھی یہ گمان نہیں تھا کہ حنیف عباسی عقل مند ہیں، حنیف عباسی جذباتی ہیں کبھی کبھی جذباتی گفتگو کرجاتے ہیں، حنیف عباسی اگر مجھ پر تنقید کرتے ہیں تو ان کا حق ہے اور تنقید کرنا میرا بھی حق ہے، حنیف عباسی چھوٹے بھائی ہیں سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا ہے، الیکٹ ہونے کے بعد حنیف عباسی کی سوچ بدلی جس پر دکھ ہوا۔
بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جس طرح بات ہوتی ہے اس کو سمجھتا ہوں، تاثر دیا جارہا ہے کہ 8، 9کا واقعہ ایک منصوبہ تھاجو کسی اور نے کرایا تھا۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے باجوہ اور فیض کو اسمبلی بلوانے کی بات کرکے سب کی نمائندگی کی، خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلوں کا کیا دھرا آج کیوں بھگتا جائے؟پچھلوں کے گرداب میں پھنسے رہیں اور اوپر اوپر سے چیزوں کو صاف کریں اور یہ ہونہیں سکا۔
پچھلے جو کچھ کرگئے اس گرداب سے نکالنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، جنرل باجوہ کو توسیع دینے کا اختیار اس کے وقت کے وزیراعظم کے پاس تھا۔انہوں نے کہا کہ عون چوہدری اپنی سیٹ نوازشریف کے نام پر جیتا، جبکہ نوازشریف کی جیت کو مشکوک بنایا گیا،یہ کام لاہور کا بااثر شخص جواین اے 114اور این اے 115کا رزلٹ بنوانے والا ہے، میں یہ بات حلفاً کہہ رہا ہوں، میرے پاس ثبوت ہیں ،این اے 114اور 115کا فرانزک کرایا جائے تو پورے پاکستان کا نتیجہ مل جائے گا، یہ دونوں میرے حلقے ہیں۔