0

بارسلونا میں چوہدری ناصر چھپر کے اعزاز میں تقریب، ویلنسیا میں تین پاکستانیوں کی موت پر اظہار افسوس

بارسلونا(نیا محاذ)کھاریاں بار کے سابق صدراور پی ٹی آئی کے سنیئر رہنما چوہدری ناصر احمد چھپر ایڈووکیٹ کے اعزاز میں سابق صدر پاکستان تحریک انصاف سپین محمد شہزاد اصغر بھٹی اور محمد شیراز بھٹی نے عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پی ٹی آئی کے رہنماوں سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے میزبان صدر پی ٹی آئی سپین محمد شیراز بھٹی نے چوہدری ناصر احمد چھپر کو بارسلونا میں خوش آمدید کہا اور ان کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ ناصر احمد چھپر پارٹی کا بے لوث کارکن ہے،سابق صدر پی ٹی آئی اسپین شہزاد اصغر بھٹی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانی کمیونٹی افسردہ ہے اسپین کے شہر ویلنسیا میں المناک حادثہ میں تین پاکستانی جاں بحق ہوگئے، ان کی ارواح کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہیں ،انہوں نے اس موقع پر کہا کہ چوہدری ناصر احمد چھپر سے بہت پرانا تعلق ہے پارٹی میں ایک ساتھ کام کیا ہے ہر مشکل اور آسانی میں ایک ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک بات کی ابھی تک سمجھ نہیں آئی کہ جو لوگ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ان کو آسانی اور سہولیات کے وقت کیوں بھلا دیا جاتا ہے ۔نظامت کے فرائض شہںاز احمد کھٹانہ نے سر انجام دئیے۔تلاوت قرآن مجیدقمر بٹ اور نعت رسول مقبول کی سعادت ارشد نذیر ساحل نے حاصل کی ۔
چوہدری ناصر احمدچھپر نے اپنے خطاب میں شہداء ویلنسیا کی ارواح کی بلندی اور لواحقین کے لئےصبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن اور خاندان کے لئے حلال رزق کی تلاش میں باہر آتے ہیں اور ایسے سانحات پوری کمیونٹی کو افسردہ کردیتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ تارکین وطن ہی ہیں جو پاکستان کو چلا رہے ہیں اور یہ پاکستان میں رہنے والے پاکستانیوں سے زیادہ محبت رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ سب مایوسی کی بات کرتے ہیں لیکن میں مایوسی کی بات نہیں کروں گا کیونکہ میرا مذہب بھی مایوسی کو کفر قرار دیتا ہے۔مجھے پورا یقین ہے کہ پاکستان ابھرنے کے لئے بنا ہے، گو آج ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں تقریب میں لقمان چوہدری کے والد مرحوم اور سپین کے شہر ویلنسیا میں شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے معروف عالم دین مولانا نعیم اللہ چشتی نےاجتماعی دعا فرمائی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں