روم(نیا محاذ)اٹلی کے وزیر ثقافت جینارو سنجیلیانو ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر خاتون کے ساتھ تعلقات کے سبب اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔جینارو نے جمعہ کو اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا میلونی کو بھیجے گئے خط میں لکھا کہ ’ان تکلیف دہ ایام کے دوران میں طویل اور سنجیدہ غور کے بعد میں نے بالآخر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے‘۔جینارو خاتون وزیر اعظم کی حکومت میں مستعفی ہونے والے پہلے وزیر ہیں۔ مستعفی وزیر کے مطابق وہ اپنی عزت کے دفاع اور اپنی شفافیت ثابت کرنے کے لیے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر میں پٹیشن داخل کریں گے۔جینارو پر جس انفلوئنسر کے ساتھ تعلقات کا الزام ہے ان کی عمر اکتالیس سال اور نام ماریا روزاریا ہے۔جینارو نے اعتراف کیا ہے کہ رواں سال مئی میں ماریا کے ساتھ ان کا ”جذباتی تعلق“ بن گیا تھا، تاہم انہوں نے جولائی کے آخر اور اگست کے اوائل میں اس پر روک لگا دی ۔
ماریا نے اگست کے آخر میں انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں دعویٰٰ کیا تھا کہ انہیں وزیر ثقافت کا مشیر مقرر کیا گیا ہے تاہم جینارو نے فوری طور پر اس کی تردید کی تھی۔جواب میں ماریا نے وزیر ثقافت جینارو کے ساتھ بہت سی تصاویر پوسٹ کر دیں جو مختلف عوامی تقریبات کے موقع پر لی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں ماریا نے ای میلز اور سفری ٹکٹ بھی ظاہر کر دیئے۔بدھ کو ایک انٹرویو میں مستعفی وزیر جینارو نے دستاویزی ثبوت دکھا کر باور کرایا کہ انہوں نے ماریا کے اپنے ساتھ تمام سفر کے اخراجات ذاتی طور پر ادا کیے اور اس سلسلے میں ریاست کا ایک یورو بھی خرچ نہیں کیا گیا۔جینارو کا کہنا تھا کہ ’پہلی شخصیت جس سے مجھے معذرت کرنی چاہیے وہ ایک غیر معمولی شخصیت ہے اور وہ میری اہلیہ ہیں‘۔