لاہور( نیا محاذ) شادباغ میں شوہر اور سسرال کے ہاتھوں خاتون پر تشدد کا واقعہ، چئیرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جنرل ہسپتال میں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔
حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر کہا کہ اس قسم کے بہیمانہ واقعات پر سخت تشویش ہے، واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعہ سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر متاثرہ خاتون کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ چئیر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے مطابق شاد باغ پولیس نے سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے سسر کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ متاثرہ خاتون کی 6سال قبل شادی ہوئی تھی۔ مبینہ طور پرخاتون کا شوہر اور سسر ملکر اس پر تشدد کرتے تھے، پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر منشیات کا عادی تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون کو تشدد کے بعد چھت سے نیچے پھینکا گیا۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
0