0

صدر مملکت کا ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیا محاز )صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت کردی۔
نجی اخبارڈان نیوز کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے لئے پہلا انفرادی گولڈ میڈل لانے والے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی ہدایت کردی۔صدر مملکت آصف علی زرداری جیولن تھرور ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ عطا کریں گے۔صدر پاکستان کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازنے کے لئے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا ہے۔ایون صدر کی جانب سے بھیجے گئے خط میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث بنی۔خط میں مزید کہا گیا کہ ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا، صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کریں گے۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم وطن واپسی کے لئے پیرس سے روانہ ہوگئے جبکہ قومی ہیرو کے فقید المثال استقبال کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھاجبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں